وزیراعلی سیکرٹریٹ کے پی کے میں 35 سے زائد گھوسٹ ملازمین کا انکشاف، آڈٹ رپورٹ


پشاور(صباح نیوز)وزیراعلی سیکرٹریٹ خیبرپختونخوا میں 35 سے زائد گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈیٹر جنرل آف خیبر پختونخوا کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق غیرضروری اخراجات اورشاہ خرچیوں کی مد میں صوبائی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ بیورو کریسی نے وزیراعلی کو بے خبررکھ کرفنڈزنکالے۔ بیورو کریسی کی شاہ خرچیوں سے خزانہ کو 25 کروڑ52لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ فنڈز سے نکالے گئے 17 کروڑ روپے سے زائد کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق قبائلی اضلاع کا فنڈ بندوبستی اضلاع میں خرچ کیا گیا۔ 76لاکھ 50ہزار روپے قبائلی اضلاع کی بجائے بندوبستی اضلاع میں تقسیم کئے گئے۔ فنڈ سے نکالے گئے 17کروڑ روپے کی تصدیق نہ ہوسکی۔ دھوکہ دہی سے ایک کروڑ 81لاکھ سے زائد روپے نکلوائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اضلاع کے فنڈ میں 2کروڑ 12لاکھ روپے کے مشکوک اخراجات شامل ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال اعزازیہ کے نام پرخزانے سے دھوکہ دہی کر کے فنڈز نکالے گئے۔ اعزازیہ کی مد میں 78 لاکھ روپے 35سے زائد ملازمین کو دیئے گئے جبکہ 35ملازمین کے نام ہیومن ریسورس ڈیٹا میں موجود ہی نہیں ہیں۔