اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے معروف بین الاقوامی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپیٹل مارکیٹس فرم جیفریز کے وفد نے گزشتہ روز یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی بھی دعوت دی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کو در پیش معاشی چیلینجز کا موثر مقابلہ کرکے ملک کے معاشی استحکام کی سمت گامزن ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے، اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کئے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نا اہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے.۔ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔