لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدکی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ،جی ایچ کیو نے منظور ی دے دی

راولپنڈی (صباح نیوز)سابق ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلیجنس(آئی ایس آئی)اور کورکمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپنا استعفیٰ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کو بھجوایا تھا جو کہ فوری طور پر منظور کر لیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے پاک فوج میں اعلیٰ عہدوں پر حالیہ ترقیوں کے بعد قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

جبکہ ایک نجی ٹی وی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس یا کسی اور لیفٹیننٹ جنرل کے استعفیٰ بھجوانے اور قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لینے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کی تھی جس پر سوموار کے روز ہی جی ایچ کیو میں سارا پراسیس اور ضروری کارروائی مکمل کر کے ان کا فوری طور پرا ستعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے اور انہیں قبل ازوقت ریٹائر کردیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی مدت ملازمت اپریل2023میں ختم ہونا تھی۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے 24ویں ڈی جی آئی ایس آئی کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیئے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 16جون2019سے19نومبر 2021تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کام کرتے رہے۔

جبکہ نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی تقرری کیلئے جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجئے گئے ناموں کی سمری میں  لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا بھی نام شامل تھا