وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کل ایک روزہ دورے پر کابل جائیں گی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ایک روزہ دورہ پرکل(منگل کو) افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچیں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت دورہ کے دوران ایک اعلی سطح کے وفد کی قیادت کریں گی۔ وزیر مملکت کابل میں افغان عبوری حکومت سے سیاسی مذاکرات کریں گی۔ بات چیت میں تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون، علاقائی روابط، عوامی رابطوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر مملکت افغانستان میں امن کو مضبوط بنانے اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور حمایت کا بھی اعادہ کریں گی۔

بیان کے مطابق پاکستان دوست اور پڑوسی کے طور پر افغانستان میں انسانی بحران کو کم کرنے اور افغان مردوں، عورتوں اور بچوں کی معاشی خوشحالی کے حقیقی مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کے ذریعے افغانستان کے عوام کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی کا اعادہ کرے گا۔۔۔