لاہور،چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے اہم اجلاس

لاہور(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدار ت کی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، الیکشن کمیشن اسلام آباد کے افسران اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب کے تمام ریجنل الیکشن کمشنر ز اور ضلعی الیکشن کمشنر ز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد شفاف کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویزکا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے اس اقدام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹر ایم آئی ایس الیکشن کمیشن اسلام آباد، عمران احمد نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کے مختلف پہلوں پر مختصر بریفنگ دی۔

بعد ازاں ڈائریکٹر ایم آئی ایس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، بابر ملک نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)میں مزید بہتری لانے کیلئے جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)الیکشن کمیشن کا ایک بہت اہم نظام ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن ووٹرز کا اندراج کر تا ہے اور انتخابات کیلئے انتخابی فہرستیں تیار کرتا ہے۔ یہ سسٹم الیکشن کمیشن اسلام آباد ہیڈ آفس،دفتر  صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی الیکشن کمشنر ز کے دفاتر میں موجود ہے جہاں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ز اور الیکشن افسران بطور رجسٹریشن افسران عوام الناس کے ووٹ کے اندراج اور ڈیٹا انٹری کے نظام کی نگرانی کرتے ہیں۔

اس سسٹم میں نئے ووٹوں کا اندراج بھی کیا جاتا ہے جبکہ ووٹر کی طرف سے رہائشی پتہ کی تبدیلی یا درستگی کی درخواست بھی وصول کی جاتی ہے اور اس کی تصدیق کے بعد اندراج کیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر ایم آئی ایس بابر ملک نے اپنی بریفنگ میں ریجنل الیکشن کمشنر ز اور ضلعی الیکشن کمشنر ز کی طرف سے  الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیش کر دہ تجاویز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تاکہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کے اندر ووٹ کے اندراج کا ٹریکنگ سسٹم، مانیٹرنگ سسٹم اور نئے اندراج کے نظام کو آسان اور سہل بنایا جاسکے۔

مزید برآں انتخابی فہرستوں کی مسلسل اپڈیشن کا طریقہ کار وضع کیا جاسکے۔  چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، ریجنل الیکشن کمشنرز، ضلعی الیکشن کمشنرزاور دیگر افسران کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ملک بھر کے چاروں صوبوں سے  اس حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور ہیڈ آفس میں ہائی لیول میٹنگ کے اندر تجاویز پر غور کرنے کے بعد کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کی بہتری کیلئے اہم اقدامات لئے جائیں گے