وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس، چینی کی طلب و رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں چینی کی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت  گزشتہ روز یہاں فنانس ڈویژن میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں چینی کی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو  طارق محمود پاشا، سیکریٹری، قومی غذائی تحفظ و تحقیق اسپیشل سیکریٹری خزانہ کے علاوہ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور فنانس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔  اجلاس میں ملک میں چینی کے دستیاب اسٹاک کی صورتحال اور مستقبل میں اس کی طلب کا جائزہ لیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔

اجلاس میں اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ سندھ اور پنجاب کے صوبوں میں شوگر ملوں نے گنے کی کرشنگ شروع کر دی ہے۔ مزید یہ بات بھی علم میں لائی گئی کہ سیلاب کے باعث صوبہ سندھ میں چینی کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے ملک میں چینی کی دستیابی اور پیداوار پر اطمینان کا اظہار کیا اور چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے چینی کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔