وزیراعظم کا سکردو خصوصی بچوں کے سکول میں گیس دھماکے سے زخمی طلبا کو طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکردو میں خصوصی بچوں کے سکول میں گیس دھماکہ کے واقعہ میں زخمی ہونے والے طلبا کو ہر ممکن طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کر دیئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جمعہ کو سکردو میں گیس دھماکہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے طلبا کے علاج معالجہ کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز)کے برنز سینٹر کو احکامات جاری کئے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ طلبا کے علاج پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز برداشت کریں ۔۔