عمران خان ملکی سیاست میں غیر متعلقہ ہو گئے ہیں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے  چیئرمین  عمران خان ملکی سیاست میں غیر متعلقہ ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت عمران خان کی 4 سالہ تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی عمران خان کی وارثت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں ملکی قرضوں میں تاریخی اضافہ ہوا تاہم حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل پر مرکوز ہے۔ اتحادی حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈے پر کاربند ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن وقت سے پہلے بس اس لئے کرائیں کہ عمران خان کا اقتدار ختم ہو گیا، یہ وفاقی حکومت گرانے چلے تھے لیکن اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے واپس چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام سے نکلنے کا اعلان کرنے کے باوجود اسی نظام سے تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔ کوئی فیس سیوینگ پی ٹی آئی کے کام نہیں آسکتی کیونکہ عوام ان کے حقیقی فیس سے واقف ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالات بدل گئے لیکن ایک شخص کا جھوٹ، فسادی ذہن اور ایجنڈا نہیں بدلا۔ عمران خان ملکی سیاست میں غیرمتعلقہ ہو گئے ہیں۔