اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے پاکستان ٹیلی وژن کی 58ویں سالگرہ کے موقع پر ناظرین اور پی ٹی وی کے تمام ملازمین کو مبارکباد دی ہے۔ جن لوگوں کی سالہال کی کاشوں کی وجہ سے پی ٹی آج اس مقام پر ہے ان سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ یہ پھلتا پھولتا رہے۔پی ٹی وی ہمارے لئے فخر کا باعث ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ شاہیرہ شاہد نے ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان اور دیگر پی ٹی وی عہدیداروں کے ہمراہ پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔سالگرہ کے موقع پر پی ٹی وی میں خصوصی ٹرانشمین کا اہتمام کیا گیا۔
خصوصی ٹرانسمیشن میں اظہارخیال کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد کاکہنا تھا کہ پی ٹی وی ہمیشہ سے وزارت اطلاعات ونشریات کے ماتحت رہا ہے او ریہ ہماراایک اہم ادارہ ہے اس کے مختلف چیلنجز ہیں، ایک زمانے میں پی ٹی وی آل اِن آل ہوا کرتا تھا اور کوئی چینلجز درپیش نہیں تھے کیوں کہ پی ٹی وی کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں تھا لیکن اب ساری صورتحال تبدیل ہو گئی ہے اوریہ اس لحاظ سے اچھا ہے کہ اگر پی ٹی وی کو چیلنجز ملے ہیں تو اپنے آپ میں بہتری لائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کچھ حدود بھی ہوتی ہیں کیونکہ سرکار کے ادارے سرکار کے مطابق چلتے ہیں ،میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ان حدودوقیود کے اندر رہ کر پی ٹی وی کا کردار بہت چیلنجنگ ہے، آپ کو کوئی فری ہینڈ نہیں ملا ہوا اورآپ کو ایک کوڈآف کنڈکٹ کے مطابق چلنا پڑتا ہے اوراس میں بہت ساری چیزوں کا خیال کرنا پڑتا ہے۔ پی ٹی وی کو کچھ ٹیکنیکل چیلنجز کا سامنا ہے، کچھ پروگرامنگ کا مسئلہ ہے، پہلے جب پی ٹی وی اکیلا ہوتا تھا تو پی ٹی وی کے بہت سے پروگرام خود بنتے تھے لیکن اب منظرنامہ تھوڑاسا تبدیل ہوگیا ہے اور پروگراموں کی نوعیت بدل گئی ہے لیکن اس کی اونرشپ ہم ہمیشہ رکھتے ہیں، میرے بہترین افسر پی ٹی وی میں موجود ہیں اورلوگ دیکھیں گے کہ یہ بہتر سے بہتر ہوتا چلا جائے گا۔
شاہیرہ شاہد کا کہناتھا کہ پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور آپ ان کو گھروں میں نہیں بٹھا سکتے، اگر گھروں میں بٹھائیں گے توآپ کی ترقی 50فیصد سلو ہو جائے گی، خواتین کو بھی پی ٹی وی میں آگے لایا جائے، خواتین اپنے مسائل کے باوجود کام کریں گے، ان سے کام کروانا ضروری ہے۔