چیلنجز کے باوجود قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا ،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنجز کے باوجود قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا اور ورلڈ ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ، پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود ہماری ٹیم ان بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جنہیں کرکٹ کی اربوں ڈالر کی معیشت سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے جس طرح کھیل ہارنے کے باوجود ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کی وہ قابل ذکر ہے، ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی نوجوان ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ آنے والے ٹورنامنٹس میں بہت سی فتوحات دلائے گی۔

صدر نے کہا کہ پوری قوم اپنے کرکٹ کے ستاروں کی شاندار کارکردگی پر فخر کرتی ہے، پاکستان میں کرکٹ ایک انتہائی مقبول کھیل ہے اور ٹیم کی اچھی کارکردگی تمام پاکستانیوں کی زندگیوں میں رنگ لاتی ہے۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ تنقید کا واحد جواب فتح ہے اور اسے ہمیشہ پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ یہ قوم کی حمایت تھی جو اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ان کی طاقت بنی ہے۔۔۔