لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں پینے کے صاف پانی کی ترسیل جاری ہے۔روزانہ اڑھائی لاکھ سے زائدسیلاب متاثرین الخدمت صاف پانی پروگرا م کی ان خدمات سے مستفید ہورہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے بعد ری ہیبلی ٹیشن کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔متاثرین کی مکمل بحالی تک مدد کا یہ سلسلہ جاری رکھناناگزیرہے۔ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث ڈائریا اور دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔اس صورت حال کے پیشِ نظرالخدمت فاؤنڈیشن متاثرہ علاقوں میں 16 اسٹیشنڈ واٹر فلٹریشن پلانٹس جبکہ دور دراز علاقوں میں9موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے صاف پانی پہنچا رہی ہے۔
الخدمت نے سکھراور جیکب آباد (سندھ)،راجن پور(جنوبی پنجاب)اور جعفرآباد(بلوچستان) میں قائم خیمہ بستیوں سمیت متاثرہ علاقوں میں جگہ جگہ 137واٹر ٹینکس رکھے ہیں۔ موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس اور واٹر ٹینکرز کے ذریعے ان ٹینکس کی باقاعدگی کے ساتھ ری فلنگ کی جاتی ہے، اِس کے علاوہ متاثرین میں 33 ہزار سے زائد جیری کینز بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔کم و بیش 2 لاکھ 66 ہزار سیلاب متاثرین کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔موبائل فلٹریشن پلانٹس کی متاثرہ علاقوں میں نقل و حرکت کا ریکارڈ زیادہ موثر انداز میں مرتب کرنے کے لئے جدید ترین ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک صاف پانی سمیت دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھا جائے گا۔