اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 2022ختم ہونے سے قبل وطن واپس آجائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شہریوں کے حقوق پامال ہوئے توان کی حفاظت کریں گے، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن آئین اور قانون کی حد عبور نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال پی ٹی آئی کی حکومت میں جو ہمارا حال ہوا ہے کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں ہوسکا، لوگوں کو سمجھاتے رہے ہیں کہ یہ حالات ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت دوسرے سیکٹرز سے پیسے نکال کر متاثرین کو دے رہی ہے، سیلاب متاثرین کے لیے سردیوں میں رات گزارنا امتحان ہے، سیلاب کی امداد کے لیے کسی سے نہیں پوچھا کہ کس پارٹی سے ہو۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو آفت سے شکار متاثرین کو بلا تفریق امداد ملنی چاہیے، ایسے معاملات میں حکومت سیاسی ترجیحات پر کام نہیں کررہی۔