اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمے داری ہے۔
یہ بات وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنی صدارت میں وزارتِ داخلہ میں پی ٹی آئی کے آج (ہفتہ کو) لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کہی۔اجلاس میں وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو، وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد، سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے آئی جی معظم جاہ اور چیف سیکریٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے/دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا ۔ شرکا ء نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔
شرکاء نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاق اور اس کی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکنے کی پیش بندی کریں۔ سیکرٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔