عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ ہی میں اترے گا،اسد عمر


راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ ہی میں اترے گا۔ جی ایچ کیو نے اجازت دے دی ہے تو ڈی سی کون ہوتے ہیں؟۔

علامہ اقبال پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر  نے کہا کہ جلسہ گاہ کے پاس موجود ہیں۔ یہاں پر خیمہ بستی لگا دی گئی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ  کل جتنے لوگ پنڈی کی طرف آرہے ہیں، اس سے پہلے کبھی نہیں آئے ہوں گے۔قوم سمجھتی ہے کہ یہ ایک اہم موڑ ہے جہاں پر ہم موجود ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے ڈی سی اسلام آباد اجازت نہیں دے رہے۔ ڈی سی کو ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ ڈی سی بتائیں کہ ان کو کون ہدایات دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گرانڈ میں اترے گا۔ جی ایچ کیو نے اجازت دے دی، ڈی سی کون ہوتے ہیں؟۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال پارک میں ٹینٹ سٹی قائم کررہے ہیں۔ 26نومبر شام کے لائحہ عمل کا عمران خان اعلان کریں گے۔ عمران خان جو بھی اعلان کریں گے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ کرکٹ میچ کو پی ٹی آئی دھرنے سے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کچھ ہوا تو وفاقی حکومت ذمہ دار ہوگی۔ ڈی سی اسلام آباد براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔ عمران خان کو مشورہ دیا تھا ابھی آرام کریں، لیکن کپتان نے کہا قوم کے درمیان رہنا چاہتا ہوں۔

 اسد عمر نے ٹوئٹر پرجاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ پر اترنے کی اجازت مستردکردی، اجازت مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہیں دی کیونکہ کوئی ہو ہی نہیں سکتی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کراسلام آباد انتظامیہ عمران خان کی زندگی کے لیے خطرہ بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔