نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز نیشنل سپورٹس پالیسی، پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا۔ نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے۔مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں. جن میں رجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگولیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ  آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں۔

اجلاس کو صوبوں سے نیشنل سپورٹس پالیسی کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کے بارے بھی بتایا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی۔ صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے۔اسکے علاوہ مقامی سطح پر صوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی۔اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے جبکہ واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چاروں صوبوں کے کھیلوں کے وزرا، چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اعلیٰ حکام  نے شرکت کی۔ جبکہ وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔