ریاض(صباح نیوز)سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بھی فیفا ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹینا کے خلاف سعودی عرب کی کامیابی پر خوشی سے نہال ہوگئے۔ جبکہ تاریخی کامیابی پر جشن منانے کیلئے سعودی عرب میں آج(بدھ کو) چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
سعودی گزٹ نے سوشل میڈیا پر ولی عہد محمد بن سلمان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ جبکہ پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے بھی سعودی عرب کی فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹینا کے خلاف تاریخی کامیابی پر پیغام جاری کیا۔
سوشل میڈیا پر اس پیغام میں سعودی سفارتخانے نے ولی عہد محمد بن سلمان اور ٹیم کی ایڈیٹڈ تصویر شیئر کی۔ ساتھ میں اس پیغام میں تحریر کیا گیا کہ آج ہماری ٹیم کے راستے سے ہٹ جائو۔ اس میں یہ بھی تحریر کیا گیا کہ سعودی عقاب آسمان میں اونچی پرواز کرتے ہیں۔ ہیروز نے ہمیں شرف بخشا۔
دوسری جانب فیفا ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹینا کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر سعودی عرب میں آج بروز بدھ کو چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے چھٹی کا اعلان کیا گیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ قومی ٹیم کی فیفا ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹینا کے خلاف کامیابی کے بعد شاہ سلمان کی ہدایت پر بدھ کو تمام ملازمین اور طلبہ کے لیے سعودی عرب میں جشن کیلئے تعطیل ہوگی۔ سعودی عرب اور ارجنٹائن کے میچ کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔
سعودی وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان نے خاندان کے افراد کے ہمراہ مملکت میں میچ دیکھا۔قومی ٹیم کی فتح پر ولی عہد محمد بن سلمان خوشی سے جھوم اٹھے اور سجدہ شکر ادا کیا۔ سعودی خبر رساں ادارے نے سعودی ولی عہد کے جشن منانے کی تصاویر جاری کی ہیں۔