اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے منگل کو یہاں برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ یاسمین قریشی برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی پارلیمانی گروپ کی شریک چیئرپرسن بھی ہیں۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دل پاکستان میں بسنے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے حقیقی سفیر ہیں، یہ پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر مشاورت ہوئی ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان مسلسل رابطے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو نگے، پاک-برطانیہ پارلیمانی دوستی گروپ فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اعلی سطحی پارلیمانی تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے
اسپیکر قومی اسمبلی نے برطانوی حکومت، عوام اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کا سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران برطانوی حکومت، عوام اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ مدد کی،ملک میں حالیہ موسمیاتی تباہی کے تناظر میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان کے بین الاقوامی قرضوں کو موخر کرنے اور انہیں رعایت دینے کے لیے آواز بلند کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن ملک کے حقیقی سفیر ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ملاقات میں برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کا دل پاکستان میں بسنے والے اپنے بہین بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔