اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت سے وزیرخزانہ وریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کوبڑا ریلیف مل گیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیرخزانہ وریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت چار ملزمان کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت دائرہ اختیار نہ ہونے کے باعث واپس کردیا۔
عدالت نے قراردیا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت اسحاق ڈار اور دیگر ملزمان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنس دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔عدالت نے قراردیا ہے کہ نئے نیب قانون کے بعد اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس احتساب عدالت میں ٹرائل نہیں ہوسکتا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روزاسحاق ڈار کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ منگل کے روز سنایا۔ عدالت نے ریفرنس واپس نیب کو بھجوادیا ہے۔واضح رہے کہ ریفرنس میں اسحاق دار کے ہمراہ سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سعید احمد، نعیم محمود او رمنصور رضا شامل تھے۔اسحاق ڈار اوردیگر ملزمان کے خلاف 2017میں نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔