لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چو ہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ہر صورت حل کئے جائیں، لوگوں کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ شکایت سیل کے چیئرمین زبیر احمد خان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران زبیر احمد خان نے رپورٹ پیش کی جس پر وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ضروری اقدامات پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے مسائل ہر صورت حل کئے جائیں، راولپنڈی کے عوام کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے، راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کے دوران زبیر احمد خان کی بھابھی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی، وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت بھی کی۔
ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل بھی موجود تھے۔