اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں جمعہ کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پرقراردادمتفقہ طورپر منظورکرلیاگیا بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت سے قانونی سماجی تعلیمی اقدامات اور بچوں کے عالمی کنونشنزپر عملدرآمدکا مطالبہ کیا گیا ہے مختلف سکولوں کے بچوں بچیوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرراجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا۔مہنازاکبرعزیز نے بچوں کے حققوق سے متعلق قراردادپیش کی قراردادمیں مطالبہ کیا گیا ہے بچوں کو آئین کے مطابق ریاست مفت تعلیم کی فراہمی کی زمہ داری ادا کرے ،بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
بچوں سے متعلق جنسی جرائم کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔تعلیم پر ہر بچے کا حق ہے۔بچوں کے حوالے سے صنفی امتیاز کو ختم کیا جائے۔ ایوان بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کے چارٹرپر عملدرآمدکا عزم کرتا ہے۔
قراردادکو اتفاق رائے سے منظورکرلیاگیا ۔لاہورگرائمر سکول کے بچوں نے بھی قومی اسمبلی کے اس اجلاس کی کاروائی دیکھی۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں گزشتہ روز سیہون شریف میں ٹریفک کے المناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لئے دعا کی گئی۔
جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالاکبرچترالی نے سیہون شریف میں ٹریفک کے المناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ارکان نے غمزدہ خاندانوں سے دکھ ہمدردی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔