اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف لے کر دبئی میں معمولی قیمت پر فروخت کئے،عمران خان نے کم از کم 1700ملین روپے کی مہنگی گھڑی صرف 20ملین روپے میں فروخت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہو ں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کی مجوزہ قیمت کی 20فیصد ادائیگی کر کے فائدہ اٹھایا تاہم بعد میں ادائیگی کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس حل کرنے کیلئے ثبوت پیش کرنے چاہئیں ورنہ دوسری صورت میں تحائف کی پیپر ٹریل دینا ہوگی۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل کئے جانے والے مہنگے تحائف دبئی میں معمولی قیمت پر فروخت کئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت کے پاس صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)کو فراہم کرے تاکہ اس معاملے کو حل کیا جا سکے ۔