عالمی برادری تعمیر نو اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں پاکستان کی مدد کرے،احسن اقبال


شرم الشیخ(صباح نیوز)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی آباد کاری کیلئے حکومت منصوبہ بندی کر رہی ہے اس سلسلے میں عالمی برادری تعمیر نو اوربحالی کے کاموں میں پاکستان کی مدد کرے ، ڈونرز کانفرنس اوائل جنوری 2023 میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔

کوپ27اجلاس کے موقع پر پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہو ئیانہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاری کے بعدتعمیر نو کے لئے آئندہ تین برسوں میں 16 ارب ڈالر درکار ہونگے۔احسن اقبال نے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد تباہی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 33 ملین افراد متاثر ہوئے املاک کو شدید نقصان پہنچا،انفراسٹرکچر اورمواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، 1700 جانوں کا نقصان ہوا،پسماندہ ترین علاقے متاثر ہوئے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ تعمیر نو میں پاکستان کو مستقبل کی ممکنہ قدرتی آفات سے نپٹنے کی صلاحیت پیدا کر رہے ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے لائحہ عمل کو اضلاع اور مقامی حکومتوں تک پھیلایا جائیگا ۔احسن اقبال نے کہا کہ ڈونرز کانفرنس اوائل جنوری 2023 میں منعقد ہونے کا امکان ہے ۔۔۔