مولانا فضل الرحمان کا سٹیٹ بنک ونیشنل بنک کی جانب سے آج سود کے خلاف اپیلیں واپس لینے کے فیصلہ کا خیر مقدم


اسلام آباد(صباح نیوز)جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کی  بدھ کو  سود کے خلاف اپیلیں واپس لینے کے لئے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ   اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک کی طرف سے سپریم کورٹ میں وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلیں واپس لینے کے لئے آج بروز بدھ کو پیش ہونے کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

سپریم کورٹ میں دائر اپیلوں کوفی الفور واپس لینے  اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات حکومت کا بہترین فیصلہ ہے ۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو کراچی میں علما اور ماہرین معیشت کا مشترکہ سیمینار منعقد ہوگا جس میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے بھی سود کے خاتمے کی کوششوں کے لئے تجاویز پر غور ہوگا ۔  قوم اللہ اور اللہ کے رسول ۖسے مزید جنگ کی متحمل نہیں ۔