اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں اموات کی سب سے بڑی وجہ امراض قلب قرار پائی ہے جبکہ ملک کی آبادی 22کروڑ4لاکھ25ہزار254 ہوگئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے آبادیاتی سروے 2020 کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ سروے کے مطابق پاکستان میں اموات کی سب سے بڑی وجہ امراض قلب قرار پائی ہے جبکہ بخار، فالج، شوگر، کینسر، دمہ، سانس کی بیماریاں موت کی دیگر بڑی وجوہات ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں شہریوں کی اوسط عمر 65.4 سال سے کم ہو کر 65 سال ہو گئی ہے؛ خواتین کی اوسط عمر 66.5 سے کم ہو کر 65.5 پر آگئی ہے جبکہ مرد حضرات کی اوسط عمر میں اضافہ، 64.3 سے بڑھ کر 64.5 ہو گئی۔ سروے کے مطابق پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ دیہی علاقوں میں بچوں کی شرح اموات 59 جبکہ شہری علاقوں میں 50 اموات ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات نے ملک کی آبادی کے تازہ اعداد و شمار بھی جاری کردیئے ہیں۔ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ سے تجاوز کرگئی، پاکستان کی آبادی 22کروڑ4لاکھ25ہزار254 ہوگئی،پاکستان میں مرد افراد کی تعداد11کروڑ16لاکھ93ہزار464 ہوگئی، جبکہ پاکستان میں خواتین کی تعداد 10کروڑ87لاکھ31ہزار790 تک ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں شہری علاقوں کی آبادی 8کروڑ10لاکھ14ہزار134 ہے، پاکستان میں دیہی علاقوں کی آبادی 13کروڑ94لاکھ 11ہزار 124 ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی2017کی مردم شماری کے مطابق 20کروڑ76 لاکھ سے زائد تھی۔