آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے،چوہدری شجاعت حسین


لاہور(صباح نیوز)سربراہ مسلم لیگ ق اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ فوج کی نامزدگی ہی فیصلے کی بنیاد ہو گی۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک میں جس رنگ کی سیاست ہورہی ہے اللہ کرے یہ کامیاب نہ ہو۔ بیشتر سیاستدان شکوہ ، جواب شکوہ الزامات میں الجھے ہوئے ہیں اور تحمل و برداشت اوررواداری کے جذبے کمزور پڑرہے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری متنازع نہ بنائی جائے۔

آرمی چیف بننے کے بعد وہ کسی خاندان ،قبیلے یاعلاقے کا نہیں بلکہ ملک کا محافظ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ اہم قومی ادارے ہیں، عدلیہ پر پوری قوم کا اعتماد ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان ملک کا منصف اعلی ہوتا ہے۔ چیف جسٹس کو سیاسی شعبدہ بازیوں کا شکار نہ بنایا جائے۔ قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین صاحبزادے چوہدری شافع حسین کے ہمراہ تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔