عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں، نظر انداز نہیں کرسکتے،شاہ محمود قریشی


گجرات(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کے پیغام کو قبول کرلیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں، سکیورٹی خدشات نظر انداز نہیں کرسکتے، انتظامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تمام چیزوں کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہیں، عمران خان پنڈی پہنچنے کیلئے پرعزم ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان اتوار کو بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے، عوام نے عمران خان کے پیغام کو قبول کرلیا۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پیغام دے دیا آزادی کیلئے پارٹی سے تعاون کرنا ہوگا، تجزیہ نگاروں کا خیال تھا عمران خان کے بغیرعوام شرکت نہیں کرینگے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کی منزل سرائے عالمگیر ہے، عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچایا جائے گا۔