پاکستان یورپی یونین کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، حنا ربانی کھر


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، پاکستان کے پاس یورپی ممالک کے لئے افرادی قوت مہیا کرنے کے لئے بہترین امکانات موجود ہیں، غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  گزشتہ روز یہاں وزارت خارجہ میں یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز یلوا جوہانسن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کے لئے آسانی پیدا کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں، غیر قانونی ہجرت روکنے کے لئے قانون سازی بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والوں کے لئے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دے رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے امور نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون موجود ہے۔ اس موقع پر یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز یلوا جوہانسن نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین کے لئے اہم اور تذویراتی شراکت دار ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر بہت سے شعبوں میں نمایاں کام کرسکتے ہیں، ہنر مند افرادی قوت کی یورپی مملک تک رسائی آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں، مہاجرین کے حوالے سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعاون موجود ہے، تعاون سے انسداد منشیات کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ممکن ہے، یورپی ملکوں کے پاس مختلف شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی ہے۔