وفاقی وزیر عبد القادر پٹیل کی افغان وزیر صحت سے ملاقات، شعبہ صحت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد  نے گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل سے ملاقات کی۔  دونوں وزرا  نے  صحت کے شعبے پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کے وزیر صحت نے عبد القادر پٹیل کو افغانستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے افغانستان اور پاکستان کو پولیو کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پہ زور دیا وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے بارڈر پر آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے، دونوں ممالک کو مل کر مربوط حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی جبکہ افغان وزیر صحت نے کہا کہ ہم افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں افغانستان میں موجود پاکستانی تین ہسپتالوں کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ افغان وزیر نے بتایا کہ تینوں ہسپتالوں کا کام 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ تینوں ہسپتالوں کو  درپیش چیلنچز کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے، افغانستان کو ادویات، آلات اور تربیت یافتہ طبی عملے کی شدید ضرورت ہے، پاکستان اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گا۔ عبدالقادر پٹیل  کا کہنا تھا کہ  حکومت پاکستان افغانستان کے ڈاکٹروں کی تربیت کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی،  ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ضروریات پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔