عمران خان پر حملے کے حقائق اور ذمہ داران کو سامنے لانا چاہیے،شاہ محمود قریشی


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے حقائق اور ذمہ داران کو سامنے لانا چاہیے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ہماری ایف آئی آر کے حق کو تسلیم نہیں کیا جاتا، ایف آئی آر میں عمران خان کے نامزد کردہ افراد کے نام شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے عدالت میں اپنی درخواست جمع کرائی ہے جس میں چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کی ہے کہ عمران خان پر حملے کی انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی ہمارے ایم پی ایز نے درخواست جمع کرائی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پر ایک قاتلانہ حملہ ہوا، ہم چاہتے ہیں اس کی تحقیقات ہوں، بہت سے اہم ایونٹس رونما ہوئے ہیں، بہت سے پاکستانی، پارلیمنٹیرینز اور شہری حقائق جاننا چاہتے ہیں، عمران خان پر حملے کے حقائق اور ذمہ داران کو سامنے لانا چاہیے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم سواتی اور ان کی اہلیہ کی تضحیک کی گئی، درخواست میں اعظم سواتی کے واقعہ پر کارروائی کرنے کی استدعا بھی کی گئی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ارشد شریف کو کینیا میں قتل کیا گیا، مختلف قسم کی قیاس آرائیاں، کہانیاں آپ کے سامنے ہیں

درخواست میں ارشد شریف کے پسماندگان کی داد رسی کی استدعا بھی کی گئی ۔ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اعجاز گورایہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دائر درخواست پر کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست ذاتی طور پر کیسے جمع ہو سکتی ہے، سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعے جمع ہو سکتی ہے تاہم بعد ازاں ڈپٹی رجسٹرار نے تحریک انصاف کی درخواست وصول کرلی۔