لندن میں فیصلہ کرنے کے بعد اتحادیوں کی کوئی حیثیت نہیں ،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لندن میں فیصلہ کرنے کے بعد اتحادیوں کی کوئی حیثیت نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک کی بد قسمتی ہے کہ بزدل کرپٹ لوگ آگے آگئے ہیں، ان کا حقیقی دارالحکومت لندن ہے، پاکستان میں تاوان لینے آتے ہیں، نوازشریف نے جس کو بھی تعینات کیا اسی سے پھڈا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوان لوگ اہم عہدوں پرآگئے ہیں، نیب میں کیس ختم کرانے والوں کا تانتا بندھا ہے، بھائی وزیراعظم ہے سفارتی پاسپورٹ مل گیا لیکن کلین چٹ نہیں ملی، نواز شریف اپنا جنم دن اور نیو ایئر اپنی بیٹی کے ساتھ لندن میں منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سب سے اچھے تعلقات سعودی پرنس MBS سے ہیں،عوام مہنگائی سے مر گئے، معیشت اور خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی ہے، احتساب اور حساب ختم نہیں ہوگا، 30 نومبر تک سیاست واضح ہو جائے گی۔