کراچی،سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کھلونے بیچنے والا8 سالہ بچہ جاں بحق


کراچی (صباح نیوز) کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے کھلونے بیچنے والے آٹھ سالہ بچے کو قتل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

پولیس کے مطابق واقعہ بوٹ بیسن پر مقامی ہوٹل کے قریب رات گئے پیش آیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے صرف فائرنگ ہی نہیں کی بلکہ نعش نجی اسپتال کے قریب قائم کچرا کنڈی میں پھینک کرفرارہوگیا۔

حکام کے مطابق مقتول کا بھائی واقعہ کا عینی شاہد ہے۔مقتول آٹھ سالہ بچہ عمر بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا، جو کھلونے بیچتا تھا۔ عمر کی والدہ کے مطابق اس کا شوہر رکشہ چلاتا ہے۔ ان کا آبائی تعلق ڈیرہ بگٹی سے ہے۔عمر کے اہلخانہ سیلاب سے متاثر ہو کر بلوچستان سے کراچی آئے تھے۔

واقعہ پر بگٹی قبیلے کے سرداریار محمد نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا فاسٹ فوڈ شاپ کا سیکیورٹی گارڈ ہے، جس کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔