اسلام آباد(صباح نیوز)دفترخارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی کردیا گیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا ہے اور نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
سعودی ولی عہد نے 21 نومبر کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ محمد بن سلمان کا دورہ ایشیا ملتوی ہونے کے باعث پاکستان آنے کا ارادہ بھی ملتوی ہوگیا۔ سعودی وزیر اعظم اب براہ راست انڈونیشیا کے شہر بالی جائیں گے جہاں وہ جی 20 سمٹ میں شرکت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے اور مضبوط سرمایہ کاری متوقع ہے۔
سعودی وزیر اعظم و ولی عہد کے دورے کے دوران متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔سعودی عرب پاکستان میں گوادر میں ایک جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا،گوادر میں 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید آئل ریفائنری کے قیام کی سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر مند کرے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق چینی کمپنیاں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر ریفائنری کو چلائیں گی۔