عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ملاقات


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات لاہور میں ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلی کے پی کے نے وفاق کی جانب سے صوبے میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کے بیانات پر بھی قانونی پوزیشن سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق وزیراعظم عمران خان کو خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ قافلوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی بریف کیا۔

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کی سطح پر کارکنان کو زیادہ سے زیادہ منظم کیا جائے۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا واحد مطالبہ صاف اور منصفانہ انتخابات ہیں۔ ملک کو صرف جلد اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے ہی حالیہ سیاسی اور معاشی بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔