ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن روکنے کیلئے درخواست دائر کر دی


کراچی(صباح نیوز)ایم کیوایم پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں پہلے ہی تاخیر کا شکار بلدیاتی الیکشن روکنے کے لئے درخواست دائر کر دی۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، ہمیں بھی فریق بنا کر سنا جائے۔

درخواست میں ایم کیو ایم پاکستان نے موقف اپنایا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق قانون سازی کے بغیر بلدیاتی ادارے بااختیار نہیں ہو سکتے، بلدیاتی قوانین میں ترامیم تک بلدیاتی الیکشن نہ کرائے جائیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ کیس کا فیصلہ کرنے سے پہلے ہمارا موقف بھی سنا جائے۔

یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور عدالت نے الیکشن کمیشن، سندھ حکومت اور آئی جی سندھ سے جواب طلب کر رکھا ہے۔