عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اترگیا،شاہ محمود قریشی


گجرات (صباح نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اترگیا،ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں۔

گجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات میں تاخیرسے معیشت گرے گی، نیشنل سکیورٹی کے لئے بنیادی شرط معاشی سکیورٹی ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہو رہا ہے، تاجر برادری پاکستان میں پریشان ہے۔ سرمایہ کاری نہیں ہورہی، روپے کی قدر گرتی جا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اترگیا ہے، آپ نے گجرات اور وزیرآباد میں دیکھا۔ عمران خان پر حملہ ہوا اور کہا گیا کہ آپ گھر بیٹھ جائیں۔

گیلپ سروے کے مطابق پاکستان غلط سمت جا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا۔ ارشد شریف کا لیپ ٹاپ اور فون کہاں ہےِ؟ دوسرا نکتہ ان کی شہادت اور تحقیقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سے تعاون کے لئے تیار ہیں، مجھے ایف آئی نے پیشی کا نوٹس بھیجا، ایف آئی اے کو خط کے ذریعے کچھ سوالات کے جوابات پوچھے ہیں۔ سپریم کورٹ سائفرکے معاملے کی تحقیقات کرائے۔