وجیہہ سواتی قتل کیس ، سابق شوہر کو سزائے موت


راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی کی عدالت نے پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے قتل کے مرکزی ملزم سابق شوہر کو سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے مجرم کو اغوا کے جرم میں 10 سال قید اورجرمانے کی سزا بھی سنائی۔ مقتولہ کے سابق سسر حریت اللہ اورملازم سلطان کو لاش کی بے حرمتی پر7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

ملزم رشید اور زاہدہ کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا۔وجیہہ سواتی قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے وقت امریکی سفارت خانہ کے 4 سینئر اہلکاراور ایف بی آئی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔

امریکی ایف بی آئی افسر نے فیصلے کو بہترین قرار دیا۔ملزم رضوان حبیب نے اپنی سابقہ بیوی وجیہہ سواتی کو اربوں روپے مالیت کی جائیداد کا جھگڑا طے کرنے کے بہانے پاکستان بلا کر قتل کر دیا تھا۔