میلبرن(صباح نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں ٹرافی کی جنگ لڑنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اتوار کے روز ہونے والا بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی سی سی نے فائنل میچ کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کرتے ہوئے ریزرو ڈے پر اضافی وقت کی گنجائش 2 سے بڑھا کر 4 گھنٹے کردی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو میچ نہ ہوسکا تو ریزرو ڈے پر میچ دن 3 بجے شروع کیا جائے گا، میچ کو مکمل تصور کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کا کم از کم دس، دس اوورز کھیلنا لازمی ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرامید ہیں، تیس سال پہلے بھی اسی گراؤنڈ سے گرین شرٹس انگلش ٹیم سے ورلڈ کپ چھین چکے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مدمقابل آئیں گی جس کیلئے پاکستان اور انگلینڈ کے شائقین کرکٹ میں بھرپور جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
ورلڈ کپ پاکستان کی سب سے بڑی سکرین ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں لگائی جائے گی، 30ہزار سے زائد لوگوں کی آمد متوقع ہے، سکرین پر میچ دیکھنے کے لئے انٹری فری ہوگی۔ اس کے علاوہ پاکستان کے دیگر شہروں میں میچ دیکھنے کے لئے بڑی سکرینیں لگائی جائیں گی۔