اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے مستعفی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کو اپنی جماعت میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دے دی ۔ مولانا فضل الرحمان اور مستعفی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے درمیان طویل ملاقات ہوئی ہے ۔ گذشتہ شب یہ ملاقات مولانا کی اقامت گاہ پر ہوئی اور اس ملاقات کے لیے ایک اہم مذہبی شخصیت نے کردار ادا کیا ۔
مولانا فضل الرحمان اور مصطفی نواز کھوکھر کے درمیان دو گھنٹے سے زائد وقت تک ملاقات کا سلسلہ جاری رہا ۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مولانا فضل الرحمان کو سینیٹ سے اپنے استعفی کی وجوہ کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کو جے یو آئی میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے ۔
مصطفی نواز کھوکھر نے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ذرائع کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے قریبی ساتھیوں سے مشورہ کر رہے ہیں اور وہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں اسلام آباد سے حصہ لینے کی خواہش رکھتے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے انہیں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرا دی ہے ذرائع کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر نے تا حال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں پی ڈی ایم کی جدوجہد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور قریبی رابطوں پر اتفاق کیا گیا ۔