وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے دوران جاں بحق افراد کے ورثہ کیلئے امدادی پیکج کی منظوری دے دی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت کی طرف سے لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثہ کے لئے امدادی پیکج کی منظوری دیدی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے 4 افراد کے ورثا کو دو کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو فی کس 50 لاکھ دئے گئے۔ صحافی صدف نعیم سمیت جاں بحق ہونے والے چار افراد کے ورثا کے لئے امداد جاری کی گئی۔ معظم گوندل، سمیر نواز اور حسن بلوچ کے ورثا کو بھی مالی امداد دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک متاثرین کے اہل خانہ کو پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔  دوسری جانب سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں  وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب  نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی مارچ میں جاں بحق وزیر آباد کے معظم گوندل، صحافی صدف نعیم، راہوالی کے سمیر نواز، لاہور کے حسن بلوچ کے لئے فی کس 50 لاکھ روپے کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک متاثرین کے اہل خانہ کو پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔