اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے،جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ،جسٹس اطہر من اللہ کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سید حسن اظہر رضوی بھی بطور سپریم کورٹ کے جج تعینات کرنے کی منظوری دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید بھی بطور سپریم کورٹ کے جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
صدر مملکت نے جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی ہے۔ صدر عارف علوی نے تعیناتیوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت دی۔واضح رہے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے ان ججز کی سفارشات پارلیمانی کمیٹی میں بھیجی تھی، پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد اب صدر مملکت نے بھی ان ججز کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔