حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتینے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کو لاوارث چھوڑ دیا ہے،150 فلائٹوں سے دنیا بھر سے امدادی سامان مگر حقیقی سیلاب متاثرین کو کچھ نہیں ملا، جو حکمران غریبوں کے لیے آیا ہوا امدادی سامان ہی ہڑپ کرجائیں ان سے سندھ کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کی کیا توقع کی جا سکتی ہے۔ اسلام روزے نماز اور حج کا نام نہیں بلکہ باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جاناں اور انقلاب و تبدیلی کا نام ہے، اسلام مغلوب نہیں بلکہ غالب ہونے آیا ہے۔ ارکان جماعت اپنے اندر اخلاص، عاجزی وانکساری، قربانی کا جذبہ پیدا اور تعلق بااللہ مضبوط کریں۔اخلاص کے ذریعے اقامت دین کی جدو جہد اور انسان ذات کی خدمت ہی کو اللہ کے ہاں قبولیت ملتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکھ پور دادو میں عبوری امیر جماعت اسلامی عبد الرحمان منگریو کی تقریب حلف برداری سے خطاب کے دوران کیا۔سابق امیر ضلع و قیم مولانا واحد بخش ببر اور محمد موسیٰ ببر ودیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہاکہ ویسے تو پورا صوبہ طوفانی بارشوں و سیلاب سے متاثر ہوا ہے مگر ضلع دادو میں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ تین ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تا حال شہروں و فصلوں سے پانی نہ نکالنا اور بحالی کے اقدامات کا آغاز نہ کرنا سندھ حکومت کی بے حسی کی انتہا ہے۔امیر ضلع عبد الرحمان منگریو نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے انتخابات سے لیکر الخدمت کے ذریعے انسانیت کی خدمت تک ہماری تمام جدو جہد کا مقصد جنت کا حصول اور رب کی رضا ہے۔

دریں اثناء صوبائی امیر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ پکی کرنے پر پوری ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ایک نڈر اور دلیر قوم ہے جو مشکل وقت میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ہر قسم کے چیلنج کا مقابلا کرنا جانتی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیت کر واپس آئے گی۔