فرمودات اقبال سے راہنمائی لینے کی ضرورت ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ ایک عظیم فلسفی، مفکر اور ادیب ہی نہیں بلکہ قاری ومفسر قرآن بھی ہیں۔ ان کا کلام ذہنی وقلبی انقلاب کا ذریعہ تھا اور آج بھی وقت و سرحدکی قید سے نکل کر پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے۔ فکر اقبال پرچل کر پیام اقبال پورا کرنا ہے۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

وزیر اعظم شہبازشریف  نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو آج فکر اور فرمودات اقبال سے راہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ اسی لئے ماہ نومبر کے ہر دن کو ہم فکر اقبال کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے۔ اقبال شناس شخصیات پر مشتمل قومی کمیٹی یہ فرض انجام دے رہی ہے۔ ایک نوجوان کا طرزعمل کیا ہونا چاہئے، یہ ہمیں حضرت اقبال سے سیکھنا ہے۔