کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے عوام کو مایوس کیا ہے، ان کی جدوجہد عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی کے بجائے اپنے مفادات کا حصول ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی کا طوفان،ملک مقروض،کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا جاتا ہے۔جماعت اسلامی کی تمام سرگرمیوں کا مرکزومحور رضائے الٰہی کا حصول اور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی کی تقریب حلف برداری سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مفکراسلام سید ابو الاعلیٰ مودودی نے 1941 میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی اب وہ تناور درخت بن چکی ہے جنہوں نے اپنی فکر اور تحریروں سے کروڑوں انسانوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ہماری جماعت میں چھوٹے مقام سے لیکرمرکزی امیرکے لیے ہر سطح کے مقررہ وقت پر انتخابات کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
جماعت اسلامی ملک کی حقیقی معنیٰ میں دینی جمہوری اورموروثیت سے پاک جماعت ہے باقی سب خاندانی جماعتیں ہیں۔لوگ مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہیں وہ اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اس وقت جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے اس لیے کارکنان اور ذمہ داران گھرگھرجاکرعوام تک اپنی دعوت پہنچائیں ۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیںکیونکہ کورونا سے لیکربارشوسیلاب تک حکومت نہ ہوتے ہوئے بھی ہمیشہ ہر مصیبت کی گھڑی میں لوگوں کی خدمت کی ہے حا۔لیہ بارشوں اور سیلاب متاثرین میں لاکھوں افراد میں پکا پکایا کھانا، راشن، خیمے، ترپال اور دیگر اشیاء کی تقسیم کی ہے۔
میڈیکل کیمپوں کے ذریعے ریلیف دینے کی کوشش کی ہے دیانت دار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کے انتخاب سے مسائل حل ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔ قبل ازیں سرور احمد قریشی نے جماعت اسلامی ضلع شہید بینظیرآباد کی امارت کا حلف اٹھایا اس موقع پر ضلعی زمہ داران سردار احمد آرائیں، کنور راشد مکرم، طارق جاوید، مولانا نور محمد جونو ،ظفراقبال ،مقامی امیر فیصل ہمایوں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھے۔#