زائد اثاثے کیس، رانا ثناء اللہ کی نیب انویسٹی گیشن ختم کرنے کی درخواست منظور


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی آمدن سے زائد اثوں کے کیس میں نیب انویسٹی گیشن ختم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

سوموار کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے رانا ثناء اللہ کی جان سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ راناثناء اللہ نے نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کی انویسٹی گیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

دوران سماعت رانا ثناء اللہ کے وکیل محمد امجدپرویز ایڈووکیٹ نے مئوقف اختیار کیا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کا مئوقف ہے کہ رانا ثناء اللہ نے یہ ساری جائیدادیں منشیات کے کاروبار سے بنائی ہے جبکہ دوسری جانب نیب کا مئوقف ہے کہ یہ ساری جائیداد کرپشن سے بنی ہے، دو مختلف ایجنسیز ایک ہی جائیدادکے خلاف تحقیقات کررہی ہیں جو کہ قانون کے برعکس ہے اس لئے یہ انویسٹی گیشن ختم کی جائے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ کا بھی بغور جائزہ لیا ۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد رانا ثناء اللہ خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالہ سے نیب کی جانب سے جاری انویسٹی گیشن کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور رانا ثناء اللہ کی انویسٹی گیشن ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔