لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی، سسٹم اتنا یرغمال ہے وزیراعلیٰ پنجاب اور انکی کابینہ بھی کچھ نہیں کرسکتی،طے کرنا ہوگا پاکستان آئین کے مطابق چلے گا یا نہیں، مجوزہ جوڈیشل کمیشن ارشد شریف قتل کیس اور اعظم سواتی کے معاملے کی بھی تحقیقات کرے۔ یہ بات انھوں نے گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ 10 سے 14 دن میں راولپنڈی پہنچے گا، وہاں سے مارچ کو عمران خان لیڈ کریں گے، خوشی ہے عمران خان ہسپتال سے گھر روانہ ہو گئے ہیں، عوام کو اب فیصلہ کرنے دیں کیونکہ شعور کا جن بوتل سے باہر آگیا جو اب واپس نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی جوڈیشل کمیشن کی پیشکش کو تسلیم کرلیا ہے، جہاں عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی وہیں سے مارچ شروع ہوگا، 3 لوگوں کے استعفے تک تحقیقات شفاف نہیں ہوسکتیں لہذا تفتیش سے پہلے 3 لوگوں کو استعفی دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ 72 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، مختلف گروہوں کے قبضے تک عوام کو حق نہیں مل سکتا، سسٹم اتنا یرغمال ہے وزیراعلی پنجاب اور انکی کابینہ کچھ نہیں کرسکتی، عمران خان حملہ، اعظم سواتی، ارشدشریف، سائفر پر تحقیقات کی جائیں۔