اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ دانشمندانہ فیصلے کر کے درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے ممتاز تاجروں کے وفد نے ممبر ہاؤس آف لارڈز لارڈ واجد خان کے ہمراہ گزشتہ روز فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
تجارتی وفد میں آی جی گروپ اور ایایس ڈی اے کے سربراہ زبیر عیسی اور ایجی ای گروپ کے ڈاریکٹرز محمد عاصم، محمد طیب ، شکور احمد ، محمد یونس اور جعفر اقبال شامل تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ملک کی موجودہ مجموعی میکرو اکنامک صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے ملک کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اسے درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانشمندانہ پالیسی فیصلوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر روشنی ڈالی ۔
اس موقع پر وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے کاروباری پروفائل اور کاروباری نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا بھرپوریقین دلایا۔