ووٹ کا صحیح استعمال کریں تو پاکستان کے مسائل حل ہونگے،دردانہ صدیقی


  کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم سب ایک عظیم مقصد کے داعی ہیں اور اس مقصد کی جدو جہد کیلئے اللہ نے ہی ہمیں منتخب کیا ہے جو ایک بڑا اعزاز ہے ۔ ایک اسلامی فلاحی ریاست کی مسلسل جدو جہد ہمارے حلف کا اہم ترین حصہ بھی ہے اور بحیثیت تحریکی فرد ہمارا اولین فریضہ بھی ۔ وہ ادار نورِ حق میں جماعت اسلامی کراچی شرقی حلقہ خواتین کے اجتماعِ ارکان سے خطاب کررہی تھیں ۔

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے اگر ووٹ کا صحیح استعمال کریں تو پاکستان کے مسائل حل ہونگے ورنہ موروثی سیاست اور کرپشن کے گرداب سے نکلنا ممکن نہیں۔ آج پاکستان کے تقریبا ستر فیصد حصہ پر پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور مرکز میں پی ڈی ایم کی مگر عوام کی حالت میں ذرہ برابر تبدیلی نہیں آئی ، اسوقت ملک کا بہت بڑا علاقہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے مگر حکومت اور اپوزیشن میں سے کسی کو اس تباہی پر عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سے آٹھ ارب کی ٹیلی تھون کا رعب جھاڑنے والوں سے اس رقم سے کی گئی امدادی کارروائیوں کا پوچھیں تو انکے پاس کوئی جواب تک نہیں لیکن پھر بھی عوام ان آزمائے ہوں کو ہی دوبارہ سے   بار خود پر مسلط کرنے پر کیوں تیار ہے یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ہر آفت مصیبت میں جماعت اسلامی اور اسکے زیر انتظام الخدمت فاؤنڈیشن ہی پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے کیونکہ سیاست برائے خدمت ہی ہمارا شعار ہے مگر یہی عوام الیکشن میں ووٹ دیتے وقت موروثیت، لسانیت اور شخصیت پرستی کا شکار ہو جاتے ہیں ۔

دردانہ صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جماعت اسلامی کے افراد ذمہ داریوں کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہیں اور بھرپور کوشش کرتے ہیں اہداف پورے کرنے کیلئے۔ اجتماعیت انسان کو بہت مضبوط اور بااعتماد بناتی ہے ۔

ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے کہا کہ اپنی جماعتی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کے بعد فعالیت ایک عادت اور ضرورت بن جاتی ہے انہوں نے کہا کہ آزمائش شرط ہے جہاں انسان ہونگے وہاں آزمائش بھی ہوگی ۔

ندیمہ تسنیم نے کہا کہ رکن تحریک کا اہم فرد ہوتا ہے اور تحریک کا اہم سرمایہ اسکے مخلص ارکان ہوتے ہیں ۔ جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ کے مقصد کے تحت کام کرنیوالی جماعت ہے جسکا وجود اندھیروں میں روشنی کی کرن کی مانند ہے ۔ ہم اور آپ ثابت قدم رہیں گے تو تحریک کو تقویت ملے گی ۔ فتنوں کے اس دور میں سیرتِ نبوی اور اجتماعیت سے جڑے رہنا بہت ضروری ہے ۔ اجتماع ارکان میں   ۔ دو سالہ ضلعی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ۔