کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ مصنوعی ونااہل قیادت کو قوم پرمسلط کرنے والے تمام تجربے ناکام ثابت ہوئے ہیں،قومی دولت کی لوٹ مارکرکے بیرون ملک اثاثے بنانے اورتوشہ خانہ چورقیادت سے تبدیلی کی امید عبس ہے۔دیانتدار اوراہل قیادت ہی عوام کو مہنگائی بدامنی سمیت مسائل حل اورملک کو ترقی کی شاہراہ پرگامزن کرسکتی ہے،حالیہ سیلاب وطوفانی بارشوں میں بلاتفریق دن رات متاثرین کی ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے والے جماعت اسلامی اورالخدمت کے رضاکاروں کا کردارقابل تحسین ہے۔ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو اسی طرح بلاتفریق عوام کی خدمت اورملک وقوم کو سامراجی غلامی سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورفاؤنڈیشن اسکول ٹھٹھہ میں سیلاب وبارش میں خدمات سرانجام دینے والے والنٹیئر(رضاکاروں)کے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں نومنتخب امیرضلع الطاف احمد ملاح نے ذمے داری کا حلف بھی لیا جبکہ رضاکاروں کو خصوصی اسناد بھی دی گئیں۔اس موقع پرضلعی ذمے داران ،مقامات کے امیر،برادارتنظیمات کے صدوراورمقامی سیاسی وسماجی رہنما بھی موجود تھے۔صوبائی امیرکاکہنا تھاکہ کرپٹ قیادت اورگلے سڑے نظام کو تبدیل کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ۔پوری دنیا میں پٹرول کے دام گھٹ گئے مگریہاں ایک پیسہ بھی کم نہیں ہوا،جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔یہ مافیاز کی حکومت ہے جوعوام کی بجائے آئی ایم ایف کی نوکری کررہی ہے۔موجودہ حکمرانوں نے عوام وملک کو آئی ایم ایف اوراپنا غلام بنا رکھا ہے۔
غریب آدمی ایک وقت کی روٹی کے لیے سخت پریشان تو ان کا اورانکے کتوں وبلیوں کا علاج بیرون ملک میں ہوتا ہے۔اس لیے ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کے لیے نظام وامام کی تبدیلی ناگزیر ہے ،سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمے اوراسلام کے عادلانہ نظام کے لیے کوشاں ہے ،عوام پرامن،اسلامیو خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔