عمران خان کو آصف زرداری بہت یاد آتے ہیں،فیصل کریم کنڈی


اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کو آصف زرداری بہت یاد آتے ہیں، پاکستان میں سیلاب آیا جس پر لوگوں نے سیاست کی پر ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے تحت 68 ارب سیلاب متاثرین تک پہنچائے،پلوشہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان چین کیساتھ تعلقات خراب کروانے کے چکر میں ہیں۔

پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما پلوشہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ ارشد شریف پر پی ٹی آئی سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات نہ ہوں جبکہ ارشد شریف کی والدہ نے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی لانگ مارچ سے متعلق باتیں اللہ کرے سچ نہ ہوں، عمران خان کی مارچ کو کیا نام دیں؟ تاریخ میں پہلا مارچ ہو گا جو دن ایک بجے سے شام تک چلتا ہے، لانگ مارچ لیڈران ایسے نہیں کرتے جسیے عمران خان کر رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے بھی لانگ مارچ کیا پر ایسے نہیں، آصف علی زرداری ،عمران خان کو بہت یاد آتے ہیں، اب عمران خان سندھ میں آنے کی بات کر رہے ہیں تو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے جیالے اور ملتان میں جیالے نے شاہ محمود قریشی کی بیٹی کو شکست دی، عمران خان آصف زرداری سے قبل ان کے جیالوں کو شکست دیں۔اس موقع پرپیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ  عمران خان کیوں ان تاریخوں میں اسلام آباد آنا چاہتے ہیں جب اہم تعیناتی ہونی ہے؟  اس لانگ مارچ کو کون فنڈ دے رہا ہے؟ عمران خان کے 2014 کے دھرنے سے چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا، تحقیقات کرنا ہوگی کہ اس مارچ کے تانے باندھے کس ملک سے ملتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا کو یہ پیغام دینا چاہ رہے ہیں کہ اس ملک میں استحکام نہیں ہے جبکہ عمران خان سی پیک اور چین کیساتھ تعلقات خراب کروانے کے چکر میں ہیں۔ پلوشہ خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بات کی تحقیقات ہونا چاہیے کہ اس مارچ کے اخراجات کون کررہا ہے جبکہ عمران خان نے صحافی صدف کیلئے بھی اپنی جیب سے معاوضے کا اعلان نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما  پلوشہ خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن صرف جی ٹی روڈ پر نہیں ہونا، الیکشن سندھ بلوچستان میں بھی ہونا ہے جہاں لاکھوں لوگ چھت کے بغیر بیٹھے ہیں۔