الیکشن کمیشن کا ای وی ایم کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے ای وی ایم، اوورسیز ووٹنگ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کرکیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز ووٹنگ سے متعلق پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ الیکشن کمیشن نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی طرف سے اب تک کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ پروجیکٹ میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور فنڈز کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ کو خط تحریر کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ای وی ایم اور اوورسیز ووٹنگ میں ووٹ کے تقدس، رازداری اور الیکشن کی ساکھ کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ہمیں انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا لیکن الیکشن کی شفافیت ووٹرز کی سہولت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کو مدنظر رکھنا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔